وزیرداخلہ رحمان ملک نے تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان احسان اللہ احسان کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے کو بیس کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کردیا۔

خبریں ماخذ  |  سٹی رپورٹر
وزیرداخلہ رحمان ملک نے تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان احسان اللہ احسان کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے کو بیس کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرداخلہ رحمن ملک نے کہا کہ احسان اللہ احسان کا تعلق تحریک طالبان پاکستان سے نہیں ہے بلکہ یہ ملک میں بیرونی عناصر کیلئے کام کررہا ہے۔ انہوں نےکہا کہ جلد عوام کے سامنے احسان اللہ احسان کی حقیقت پیش کرونگا۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ تحریک طالبان پاکستان اسوقت مختلف گروپوں میں تقسیم ہو چکی ہے جس میں ولی الرحمان گروپ، حکیم اللہ مسعود گروپ اور دیگر چھوٹے گروپ شامل ہیں۔ دہشت گرد پیسے کیلئے اسلام، قرآن اور شریعت کو بدنام کررہے ہیں۔ ایک سوال پر وزیرداخلہ رحمان ملک نےکہا کہ سوات میں تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ امن معاہدہ کیا تھا تاہم انہوں نےمعاہدے کی خود خلاف وزی کی۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ اگر شرپسند اور دہشتگرد ہتھیار پھینک دیں تو انکو عام معافی دی جاسکتی ہے۔