قومی تعمیر نو بیورو کے چیئرمین ڈاکٹر عاصم نے استعفیٰ دیدیا

اسلام آباد (لیڈی رپورٹر+ مانیٹرنگ) قومی تعمیر نو بیورو کے چیئرمین ڈاکٹر عاصم حسین اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ جمعرات کو صحافیوں کے ایک وفد کو استعفیٰ دینے کی وجوہات بتاتے ہوئے ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ بنیادی طور پر وہ ایک ڈاکٹر ہیں اور اپنے شعبہ میں واپس جانا چاہتے ہیں۔ آئین کے مطابق31 دسمبر کے بعد بلدیاتی اداروں کے حوالہ سے تمام اختیارات چاروں صوبوں کو منتقل ہو جائیں گے اس لئے قومی تعمیر نو بیورو ادارے کی ضرورت باقی نہیں رہے گی اس لئے حکومت اس ادارے کو ختم کرے اور اس پر خرچ کیا جانے والا بجٹ کہیں اور خرچ کیا جائے کیونکہ یہ ادارہ قومی خزانہ پر بوجھ بن چکا ہے۔ وزارت بلدیاتی امور و دیہی ترقی کے ذرائع کے مطابق قومی تعمیر نو بیورو کو آٹھ سال گزرنے کے باوجود بھی قانونی شکل نہ دی جا سکی ادارہ ابھی تک سابق صدر پرویز مشرف کے آرڈیننس کے تحت چل رہا ہے آرڈیننس کو120 دنوں کے اندر قانون کی شکل دینا لازمی ہوتا ہے لیکن یہ ادارہ ابھی تک آرڈیننس کے تحت چل رہا ہے۔