قرآن اور تحقیق سے دوری کے باعث امت مسلمہ زوال کا شکار ہے
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)الہدیٰ انٹر نیشنل سکول کے زیرِ اہتمام دو روزہ سائنسی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔نمائش کا موضوع ©©©”خلا کے اس پار‘ تھا۔ نمائش کے مقاصد میںقرآن کو سائنسی علوم کا منبع ثابت کرتے ہوئے طلبہ کو فطری تجسس اور اختراعیت کی پیاس بجھانے کے لیے ایک فورم فراہم کرنا تھا۔ نمائش میں ادارے کی چیئر پرسن اور معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر فرحت ہاشمی کے علاوہ جڑواں شہروں کے معززین نے بھی شرکت کی۔ معزز مہمانانِ گرامی میںقومی محکمہ یپشین گوئی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد حنیف، جسٹسڈاکٹر محمدا لغزالی، شریعت اپیلیٹ بنچ کے اراکین اور انسٹیٹیوٹ آف سپیس اینڈ ٹیکنالوجی کے فکیلیٹی ممبرز شامل تھے۔ میزبان ادارے کے علاوہ نمائش میں شہر کے معروف اداروں اور میڈیا کے نمائندوں نے بھر پور بھی شرکت کی۔نمائش کےلئے مخصوص حصہ موضوع سے مطابقت رکھنے کی وجہ سے خلا ہی کا ایک حصہ محسوس ہو رہا تھا۔ سکول کے مونٹیسوری لیول سے لے کرپرائمری اور سیکنڈری لیول تک سبھی سرگرمِ عمل تھے۔ طلبہ نے اپنے پراجیکٹ کے ذریعے بھر پور اعتماد اور بے حد محنت سے خلا میں موجود تخلیقاتِ خداوندی مثلاً ابتدائے کائنات و تخلیقِ انسان ،ستارے، سیّارے، کہکشائیں،خلائی ریسرچ،خلا میں ہماری جگہ،بین الاقوامی خلائی اسٹیشن، انتہائے کائنات جیسے موضوعات پر روشنی ڈالی۔ نمائش میں بنائے گئے مختلف موضوعات کے ماڈلز طلبا اور اساتذہ کی انتھک محنت کا منہ بولتا ثبوت تھے۔ نمائش کے ذریعے اللہ عزوجل کی کبریائی سے آگاہی اور اس کی نشانیوں کو جاننے کے مقاصد کامیابی سے حاصل کیے گئے۔طلبا کا جوش اور ولولہ پورے ماحول پر چھایا ہوا نظر آ رہا تھا جو ناظرین کے دلوں میں منتقل ہو رہا تھا۔ تقریب کا اختتام ڈائرایکٹرسکول عاطف اقبال کے مختصر خطاب سے ہوا۔ انہوں نےطلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش ادارے کے مثبت طرزِ تعلیم و تربیت اور مقاصد کی آئینہ دار ہے ۔ایسے پروگرام نہ صرف نئی نسل کی معلومات میں اضافے کا ایک اہم اور مثبت ذریعہ ہیں بلکہ بڑوں کے لیے بھی تذکیر کا باعث بنتے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ دورِجدید میں بے حد ضروری ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کو احساسِ کمتری سے نکال کر یہ باور کروائیں کہ ان کا تعلق ایک مکمل ،بہترین اور امن پسند دین سے ہے ۔ انہوں نے مہمانوں کی شرکت اور طلبا کی کارکردگی کو سراہا اور ان کی خوب حوصلہ افزائی کی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں سائنس اور اسلام کے ازلی و ابدی تعلق کو نمایاں کرنے کی بہت ضرورت جبکہ طلبہ کو صرف تعلیم کے دائرے سے نکال کر تحقیق کے میدان میں لانا بھی اتنا ہی ضروری ہے اور یہ کام تعلیمی اداروں سے بہتر اور کوئی نہیں کر سکتا۔یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ تعلیم قوموں کے مستقبل کی ضامن ہوتی ہے، جیسی تعلیم ہو ویسا ہی قوموں کا مستقبل ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج مسلم امت کے تنزل کی اصل وجہ قرآن اور تحقیق سے دوری ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ قرآن و سنت کی روشنی میں سائنس اور تحقیق کا دامن تھام کر ترقی کی منازل طے کی جائیں ۔ انہوں نے مہمانانِ گرامی،اساتذہ ،طلبا اور والدین کا خصوصاً شکریہ ادا کیا کہ ان کا تعاون کے بغیر اس قدر بھرپوراور معلوماتی نمائش کا انعقاد ممکن نہ تھا۔۔اس طرح ایک خوبصورت اور یادگار دن مکمل ہوا۔امید کی جا رہی ہے کہ الہدیٰ کی یہ نمائش مثبت سوچ کو پروان چڑھانے والے اداروں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہو گی۔