گیلانی کا سردار عتیق کو فون‘ حکومت سازی پر تعاون طلب

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم اور مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان کو اتوار کی رات کو ٹیلی فون کرکے آزادکشمیرقانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور الیکشن کیلئے بہترین انتظامات کرنے پر ان کے کردارکو سراہاجبکہ اس دوران آزادکشمیر میں آئندہ حکومت سازی کے حوالے سے بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے وزیراعظم آزادکشمیر کو آزاد کشمیر میں آئندہ حکومت سازی کیلئے اعتماد میں لیا اور اس حوالے سے مختلف امور پر غورکیا گیا ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے مسلم کانفرنس کے صدر سے حکومت سازی میں تعاون طلب کیا جبکہ سردارعتیق احمد خان نے اس حوالے سے کوئی واضح جواب نہیں دیا اور مکمل انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد پارٹی کی مشاورت سے مستقبل کے بارے میں کوئی فیصلہ کرنے کاموقف اختیارکیا۔
گیلانی / فون