پنجاب میں رینجرز کی تعیناتی روکنے پر چیف الیکشن کمشن نوٹس لیں: رحمن ملک

اسلام آباد (ثناءنیوز+ریڈیو نیوز) وزیر داخلہ رحمن ملک نے آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے موقع پر وزارت داخلہ میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مجموعی طور پر امن وامان کی صورت حال کا جائزہ لیا جبکہ بعد میں سیکٹر جی سکس اسلام آباد میں ایک پولنگ سٹیشن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ پنجاب حکومت نے رینجرز کی تعیناتی کو روک دیا تھا جو الیکشن کمشن کے اقدامات کی نفی ہے اور چیف الیکشن کمشن رینجرز کی تعیناتی کو روکنے کا نوٹس لیں ۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ سے کوئی بڑا تنازعہ نہیں ہے چند روز میں معاملات ٹھیک ہو جائیں گے جبکہ جن حلقوں میں انتخابات ملتوی کیے گئے وہاں پر بھی چند روز میں دوبارہ انتخابات کرائیں گے۔ وزیراعلیٰ کی طرف سے گورنر کا فون نہ سننا غیر آئینی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے 10 ہزار سکیورٹی اہلکار فراہم کئے گئے تھے۔آزاد کشمیر الیکشن کے حوالے سے آئی بی کو ہدایات جاری کی ہیں، وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن شفاف اور غیر جانبدار ہونا چاہئیں،آئی بی خفیہ طور پر آزاد کشمیر الیکشن کی مانیٹرنگ کر رہی ہے۔ کراچی میں انتخابات نئی تاریخ پر کروائے جائیں گے۔
رحمن ملک