پیپکو نے بجلی کی قیمتوں میں مزید 16فیصد اضافے کا اصولی فیصلہ کرلیا

اسلام آباد (اے این این) پیپکو نے ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں میں مزید16فیصد اضافے کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے کہاہے کہ اس بارے میں حتمی اعلان وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ہوگا جبکہ اضافے کا اطلاق اگلے مالی سال کے دوران ہونے کا امکان ہے۔ یہ بات پاکستان الیکٹرک پاورکمپنی (پیپکو)کے منیجنگ ڈائریکٹر طاہر بشارت چیمہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔انہوں نے کہاکہ پیپکو نے بجلی کی چوری میں کمی اور بچت کیلئے کئی موثر اقدامات اٹھائے ہیں جس کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں کم ازکم 16یا ساڑھے 16فیصد اضافہ ناگزیر ہے جو بجلی کی پیداوار کیلئے زیادہ انحصار تیل پر ہونے کی وجہ سے ہمیں کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے وفاقی حکومت کو اس سلسلے میں سفارشات ارسال کردی ہیں جن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر حکومت پیپکو کو 200ایم ایم سی ایف ٹی گیس فراہم کردے تو پھربجلی کی قیمتوں میں اضافہ 6فیصد تک ہوسکتاہے ۔