بھارت حملہ کرا سکتا ہے، مشال ملک نے وفاقی حکومت سے سکیورٹی مانگ لی : اپوزیشن لیڈر کی ملاقات
اسلام آباد(آئی این پی) یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے وفاقی حکومت سے سکیورٹی مانگ لی، مشال ملک نے سکیورٹی کی فراہمی کے لئے وزارت داخلہ کو باضابطہ طور پر خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت ان پر ممکنہ طور پر حملہ کر وا سکتا ہے۔ بھارت دنیا میں پاکستان کے خلاف پراپیگنڈا کرے گا کہ کشمیری پاکستان میں محفوظ نہیں ہیں ان پر پاکستان میں حملے ہو رہے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے حریت رہنما کی اہلیہ مشال ملک سے ملاقات کی اور ان سے یاسین ملک کی صحت سے متعلق دریافت کیا۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ جینوا کنونش کے تحت یاسین ملک کا کسی اور ملک میں علاج کرایا جائے۔ ہمیشہ اس بات پر قائم رہے ہیں کہ آزادی کشمیر کے عوام کا حق ہے۔ بھارت نے شروع سے ہی بربریت قائم کر رکھی ہے۔ یاسین ملک کیخلاف بھارتی بربریت انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ اقوام متحدہ کو خط لکھوں گا۔ حکومت نے کشمیر کی تو بات کی مگر یاسین ملک کی بات نہیں کی۔ مشال ملک نے کہا کہ یاسین ملک کی اس وقت حالت نازک ہے۔ یاسین ملک کو غلط انجکشن پلان کے تحت لگایا گیا ہے۔