سندھ پبلک سروس کمیشن کے تین ممبران کی سپریم کورٹ میں درخواست
اسلام آباد ( نمائندہ نوائے وقت ) سپریم کورٹ میں سندھ پبلک سروس کمیشن کے تین ممبران نے میرٹ کیخلاف تقرریوں سے متعلق مقدمہ میں فریق بننے کیلئے درخواست دائرکرتے ہوئے سندھ کی صوبائی حکومت کی ہدایت پر اپنے عہدوں سے مستعفی ہونے سے انکارکردیاہے اور عدالت سے استدعاکی ہے کہ اس اہم ترین مقدمہ میں ان کوبھی موقف پیش کرنے کاموقع دیاجائے ، منگل کو سندھ پبلک سروس کمیشن کے ممبران حنیف پٹھان ،غلام شبیر اورسائیں داد سولنگی نے ایڈووکیٹ ابراہیم ستی کی وساطت سے سپریم کورٹ میں دراخواست دائرکی، جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ وہ پبلک سروس کمیشن کے ممبران کیلئے مقررہ معیارپرپورا اترتے ہیں اور ان کی تقرری میرٹ کی بنیاد پرعمل میںلائی گئی ہے اس لئے وہ صوبائی حکومت کی ہدایت پر اپنے عہدوں سے ہرگزمستعفی نہیں ہوں گے ، یادرہے کہ سپریم کورٹ نے معاملے کا ازخود نوٹس ہوئے سندھ پبلک سروس کمیشن کی تقرری پرتحفظات کااظہارکرتے ہوئے ان کوکام سے روکنے کا حکم جاری کےا تھا، عدالتی حکم کی روشنی میں سندھ حکومت نے کمیشن کے چیئرمین اورتمام آٹھوں ممبران کو مستعفی ہونے کی ہدایت کی تھی جس کے نتیجے میں چیئرمین سندھ پبلک سروس کمیشن اورپانچ ممبران مستعفی ہوگئے تاہم تین ممبران نے مستعفی ہونے سے انکارکرتے ہوئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیاہے۔