سنی تحریک بھی دھرنے میں شامل ہو گی‘ شیخ رشید کی ق لیگ کی قیادت سے ملاقات
لاہور/اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+وقت نیوز+ پ ر) سنی اتحاد کونسل نے بھی تحریک انصاف کے احتجاج میں شرکت کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی آج صاحبزادہ حامدرضا سے ملاقات کریں گے۔ باقاعدہ اعلان دونوں رہنما¶ں کی ملاقات کے بعد کیا جائیگا۔ سنی اتحاد کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ کرپٹ حکومت کی گرتی دیوار کو آخری دھکا دینے کا وقت آگیا ہے، حکومت کے خلاف فائنل میچ شروع ہو چکا ہے، اب پانامہ زدہ حکمرانوں کے خلاف دما دم مست قلندر ہوگا۔ تحریک انصاف کے خلاف کریک ڈاﺅن ہوا تو خاموش نہیں رہیں گے۔ تحریک انصاف کے رابطوں کے بعد دھرنے میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں مشاورت شروع کردی ہے اور کارکنوں کو دھرنے میں شرکت کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کردی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ق لیگ، تحریک انصاف، عوامی تحریک اور مجلس وحدت المسلمین کے رہنماﺅں سے ٹیلی فونک گفتگو میں کیا۔ ادھر ق لیگ کی قیادت سے پارلیمنٹ ہا¶س میں شیخ رشید نے ملاقات کی اور 2نومبر کے دھرنے میں دیگر اپوزیشن جماعتوں کو شریک کرنے کےلئے رابطوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ شیخ رشید نے کہا ہے کہ دھرنا تاریخی اور انقلاب کا دن ہوگا، طاہر القادری کے آنے یا نہ آنے کا فیصلہ27 یا 28 تاریخ تک ہوجائے گا۔ بلوچستان مستقبل کا لینن گراڈ ہے، کل بھوشن کی گرفتاری پر حکومت کی خاموشی ملک دشمنی کے مترادف ہے۔ طاہر القادری کو منانے کے سوال پر سربراہ عوامی مسلم لیگ نے جواب دیا کہ منت سماجت میں شیخوں کا کیا کام ہے۔ پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن بڑے کام کے آدمی ہیں انہیں جلسے میں آنے کی دعوت دی ہے، بلاول کو 9برس بعد شہدا کی یاد آئی، اس کی ریلی اتنی جاندار نہیں تھی ،اختتام بے معنی تھا۔
سنی اتحاد/تحریک انصاف