اسلام آباد کو کھلا رکھنے کیلئے وزیر داخلہ کو فری ہینڈ مل گیا
اسلام آباد (محمد نواز رضا) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے 2 نومبر 2016 ءکے اسلام آباد میں دھرنا ۔2 کو روکنے کا ”اصولی فیصلہ“ کر لیا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اسلام آباد کھلا رکھنے کیلئے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کو ”فری ہینڈ“ دے دیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے مل کر دھرنے کو روکنے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ اسلام آباد میں ”رینجرز اور پنجاب ریزرو“ کی 5 ہزار نفری طلب کر لی گئی ہے۔ وفاقی وزارت خزانہ نے اسلام آباد میں رینجرز‘ پنجاب پولیس کی بھاری نفری اور کنٹینرز کیلئے 46 کروڑ روپے جاری کر دیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے تاحال دھرنا روکنے کیلئے تیار کردہ حکمت عملی کو خفیہ رکھا ہے۔ عمران خان اپنے تمام پتے دکھا چکے ہیں لیکن وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنے پتے نہیں دکھائے ۔اب تک عمران خان کو دھرنا میں صرف عوامی تحریک‘ عوامی مسلم لیگ اور سنی تحریک کی حمایت حاصل ہو سکی ہے۔ مسلم لیگ (ق) گو مگو کی حالت میں ہے جبکہ جماعت اسلامی عمران خان کے دھرنے سے ”لاتعلقی“ کر رکھی ہے جبکہ پیپلز پارٹی دھرنے میں شامل نہیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتیں عمران خان کے دھرنے کے شرکاءکو اسلام آباد میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے اسلام آباد کی جانب آنے والی شاہراہوں پر رکاوٹیں ڈال دی جائیں گی جبکہ اسلام آباد کے بیشتر داخلی راستوں کو کھلا رکھنے اور ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔ وزیراعظم نے اسلام آباد کو ہر قیمت پر کھلا رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ چودھری نثار علی خان نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ اسلام آباد کو کھلا رکھنے کیلئے تمام ریاستی مشینری کو بروئے کار لایا جائے گا۔
کارروائی فیصلہ