مشکل میں عوام حکومت کے ساتھ دیں امریکہ قومی استحکام کے لئے پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے چین
اسلام آباد+ نیویارک+ بیجنگ+ نئی دہلی(سپیشل رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) اقوام متحدہ، امریکہ، چین اور بھارت سمیت عالمی برادری نے کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سنٹر پر حملہ کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ہم شہید اہلکاروں کے لواحقین اور زخمیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ مشکل وقت میں پاکستانی عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ جان کربی کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں پاکستانی عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں۔ دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کیلئے پاکستان کےساتھ ملکر کام کررہے ہیں۔ اقوام متحدہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا مشکل کی اس گھڑی میں ہم حکو مت اور پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں۔ دہشت گر دی سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری پاکستان کا بھرپور ساتھ دے۔ برطانوی محکمہ خارجہ نے بھی کوئٹہ دھماکے کی مذمت کی ہے۔ چینی وزارت خارجہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ چین کوئٹہ میں دہشت حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ چین پر تشدد کارروائیوں دہشتگردی کی شدید مذمت کرتا ہے چین زخمیوں، متاثرین کے خاندانوں سے گہری ہمدردی، افسوس کا اظہار کرتا ہے۔ قومی استحکام، عوام کے تحفظ کی کوششوں میں پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ وزیر دفاع منوہر پاریکر نے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کہیں بھی ہو اور کسی بھی شکل میں ہو ناقابل قبول ہے۔ فرانسیسی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں فرانس متاثرہ خاندانوں کیساتھ اظہار تعزیت کرتا ہے فرانس نے ایک مرتبہ پھر دہشت گردی کیخلاف پاکستان کا ساتھ دینے کا عزم دہرایا۔ یورپی یونین نے کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سنٹر پر حملے کو شدید مذمت کی ہے۔ یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ پالیسی فریڈ ریکا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سنٹر پر حملے کے بعد ہمارے خیالات ایک مرتبہ پھر پاکستان اور اس کے عوام پر مرکوز ہو گئے ہیں۔ یورپی یونین کی نمائندہ نے کہا کہ اس حملے میں کم سے کم ساٹھ افراد جاں بحق ہوئے اس حملے سے ظاہر ہوتا ہے کہ دہشت گرد ابھی سرگرم ہیں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بین الاقوامی تعاون کی ضرورت ہے۔ یورپی یونین نے یقین دلایا ہے کہ یورپی یونین دہشت گری کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ یورپی یونین کی نمائندہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ ماہ جب میری برسلز میں مشیرخارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات ہوئی تھی تو میں نے انہیں دہشت گردی کے خلاف جنگ یورپی یونین کی حمایت کی یقین دہانی کرائی تھی۔ فرانس نے بھی کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سنٹر حملے کی مذمت کی ہے پاکستان میں فرانسیسی سفارت خانہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ فرانس اس واقعہ کی شدید مذمت کرتا ہے سعودی عرب نے بھی کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سنٹر پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ پاکستان میں سعودی عرب کے سفارت خانہ کی طرف سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر عبداﷲ الزہرانی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت کی دعا کی ہے۔
عالمی برادری/ ردعمل