چیئرمین بیرسٹر امجد ملک کی زیر صدارت اوپی ایف بورڈ آف گورنرزکا اجلاس
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)اوپی ایف بورڈ آف گورنرزکے چیئرمین بیرسٹر امجد ملک نے اوپی ایف حکام کو ہدایت کی ہے کہ ادارے کے جاری ہاﺅسنگ منصوبوں کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے ۔ بیرسٹر امجد ملک نے یہ ہدایات اوپی ایف بورڈ آف گورنرز کے 135ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں ۔اوپی ایف بورڈ آف گورنرزکا اجلاس اوپی ایف ہیڈ آفس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں بورڈ ممبران بشمول وفاقی وزیر برائے سمندر پارپاکستانیز وترقی انسانی وسائل خضر حیات خان،منیجنگ ڈائریکٹر اوپی ایف حبیب الرحمن گیلانی،کیپٹن (ر)شاہیں خالد(امریکہ)،چوہدری نورالحسن تنویر(یواے ای)،محمد جہانگیر منہاس(آزادجموں وکشمیر)،صاحبزادہ سعید احمد، وقار احمد جوائنٹ سیکرٹری وزارت خزانہ اور نثار احمد صدیقی ڈائریکٹر(آئی بی اے سکھر) نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اوپی ایف نے رواں سال کی پہلی سہہ ماہی کے دوران 16.20ملین روپے بیرون ملک وفات پانے اور معذور ہونے والے سمندر پار پاکستانیوں کے لواحقین میں تقسیم کئے ۔بورڈ نے اوورسیز پنجاب کمیشن کے ساتھ اوپی ایف کے باہمی معاہدے کی منظوری دی۔اجلاس کے دوران دمام میں پھنسے پاکستانیوں کی مشکلات اور ان سے متعلق پراگرس رپوٹ کا جائزہ لیا گیا۔سعودی عرب کے شہر الریاض میں تعینات کمیونٹی ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ نے بذریعہ ٹیلی فون بورڈ کو سعودی عرب میں پاکستانی مزدوروں سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق آگاہ کیا ،بورڈ کو آئندہ سال سمندر پارپاکستانیوں کے کنونشن اور ایڈوائزی کونسل سے متعلق آگاہ کیا گیا۔بورڈ نے اوپی ایف ہاﺅسنگ سکیم زونV-اسلام آباد کے ترقیاتی امور کی تاخیر پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ہاﺅسنگ اینڈ ورکس ڈویژن کو ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں منصوبوں کی بروقت تکمیل سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کریں۔