پاکستان میں انسانی حقوق کے حوالے سے بہتر ی آئی ہے
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر کامران مائیکل نے کہا ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کے حوالے سے حالات میں بہتر ی آئی ہے ، موجودہ حکومت ملک میں بسنے والے تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھارہی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان محمد نوازشریف کی واضع ہدایات پر عمل کرتے ہوئے وفاقی وزات ملک بھر میں انسانی حقو ق کی فراہمی کیلئے بھر پور طریقے سے عمل پیر ا ہے۔ انٹرنیشنل ہیومین رائٹس ڈے کی بین الاقوامی تقریبات کے موقع پر وزات انسانی حقوق نے ملک بھر سے انسانی حقوق پر کام کرنے والے افراد اور تنظیموں کو ایوارڈ ز دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز وزارت انسانی حقوق کی کمیٹی برائے ایوارڈز کی اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے سینیٹر کامران مائیکل نے کمیٹی کو واضع ہدایت دی کہ یہ ایوارڈز ،حقدار افراد کو صرف میرٹ پر دیئے جائیں ۔ اس سلسلے میں کمیٹی کی سربراہ ممبرقومی اسمبلی رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ کمیٹی نے چاروں صوبوں، آزاد جموں وکشمیر ، گلگت بلتستا ن اور قبائلی علاقہ جات سے انسانی حقوق کے سلسلے میں خدمات دینے والے افراد اور تنظیموں کے انتخاب کیلئے کام شروع کردیا ہے، اجلاس میں دیگر ممبران کے علاوہ ایڈیشنل سیکریٹری مس حمیر ا اعظم نے بھی شرکت کی۔