ڈرون کا مسئلہ جلد حل کر لیا جائیگا‘ نوازشریف کے دورے سے تعاون بڑھانے میں مدد ملے گی: پرویز رشید

ڈرون کا مسئلہ جلد حل کر لیا جائیگا‘ نوازشریف کے دورے سے تعاون بڑھانے میں مدد ملے گی: پرویز رشید

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ امریکی قیادت نے پاکستان کو طالبان کے ساتھ مذاکرات کے عمل میں حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے‘ ڈرون کا مسئلہ بھی جلد حل کر لیا جائے گا‘ وزیراعظم نوازشریف کے دورے سے امریکہ کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعاون بڑھانے میں مدد ملے گی پاکستان اپنی معیشت کو فروغ دینے کیلئے امداد کی بجائے امریکی منڈیوں تک رسائی چاہتا ہے۔ نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کے دورے سے امریکہ کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعاون بڑھانے میں مدد ملے گی۔ حکومت دہشت گردی‘ معیشت‘ توانائی بحران سمیت تمام مسائل حل کر رہی ہے کیونکہ کوئی مسئلہ عجلت میں حل نہیں ہوتا۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی اپنی اندرونی پالیسیوں کو مزید مستحکم بنانے میں مدد گار ثابت ہو گی ڈنگ ٹپائو کی پالیسی اختیار نہیں کی جائے گی۔ ڈرون حملوں پر حکومت کا مؤقف واضح ہے کیونکہ یہ ملک کی خودمختاری کے خلاف ہیں۔