ریاست کی رٹ قائم کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں: چودھری نثار

ریاست کی رٹ قائم کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں: چودھری نثار

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ حکومت ریاست کی رٹ قائم کرنے اور امن و امان کے قیام کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی کراچی میں آپریشن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں اور حالات میں بہتری آرہی ہے‘ امن و امان کے قیام کے لئے وفاق صوبوں سے تعاون جاری رکھے گا‘ صوبوں کو جس قسم کی مدد درگار ہوگی وہ فراہم کی جائے گی۔ وہ سپیکر بلوچستان اسمبلی جان جمالی سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ سپیکر بلوچستان اسمبلی نے کراچی میں قیام امن کیلئے وفاق کی جانب سے آپریشن کے فیصلے کو سراہتے ہوئے وزیر داخلہ کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ وفاق کو بلوچستان میں بھی امن و امان کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ امن کے قیام کے بغیر کوئی بھی ملک یا قوم ترقی نہیں کرسکتے۔ وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ امن و امان بہتر بنانے کیلئے ہر ممکنہ تعاون کر لئے تیار ہے بلکہ ہم پہلے ہی صوبوں کی مکمل مدد کررہے ہیں اگر کسی صوبے نے مزید تعاون کی درخواست کی تو فوری طور پر حرکت میں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں قوم پرست سیاستدان کی بطور گورنر تعیناتی وفاق کی جانب سے صوبے کے حالات بہتر بنانے کی ایک کوشش ہے۔ سپیکر بلوچستان اسمبلی نے وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت قومی اداروں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بلوچستان کی نمائندگی میں اضافہ کرے۔