امریکہ سے آقا اور غلام کا تعلق اب ختم ہونا چاہئے: فضل الرحمن

امریکہ سے آقا اور غلام کا تعلق اب ختم ہونا چاہئے: فضل الرحمن

اسلام آباد (اے پی اے) مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے ڈرون حملوں کا معاملہ اٹھا کر عوامی امنگوں کی ترجمانی کی، وقت آ گیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ آقا اور غلام کے تعلق کو ختم کیا جائے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں کے حوالے سے وزیراعظم کے موقف کی تائید کرتے ہیں۔ ہمیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہو کر امداد سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہئے۔ حکومت کو طالبان سے مذاکرات کے لئے کوئی دباؤ قبول نہیں کرنا چاہئے۔ مذاکرات صرف پاکستانی طالبان کے ساتھ ہی نہیں ہونے چاہئیں بلکہ ناراض بلوچوں کو بھی قومی دھارے میں لانا چاہئے۔ پہلی دفعہ حکومت کا ذاتی اور عوامی نقطہ نظر ایک ہوا۔ وزیراعظم کی جانب سے قوم کی بیٹی عافیہ صدیقی کا معاملہ اٹھانا قابل ستائش ہے۔