30 نومبر کے جلسے کیلئے درخواست نہیں ملی، تحریک انصاف کو بتانا ہو گا کتنے لوگ آئیں گے: مصدق ملک
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ ثناء نیوز) ترجمان وزیراعظم مصدق ملک نے کہا ہے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 30 نومبرکے جلسے کیلئے تحریری درخواست نہیں ملی، درخواست ملی تو وزارت داخلہ غورکریگی۔ پاکستان اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتا ہے، بھارت بات چیت کیلئے تیار ہے تو ہم بھی بات کریں گے۔ وزیراعظم آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تحریک انصاف قانون کے مطابق جلسہ کرنا چاہتی ہے تو ہم اسے اسی طرح اجازت دیں گے، جیسے پہلے جلسوں کیلئے دی تاہم اسلام آباد کے شہریوں اور عمارتوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ تحریک انصاف کی جانب سے جلسہ کیلئے درخواست پر فیصلہ کیا جائیگا، ابھی تک جلسہ گاہ کا تعین نہیں ہو سکا، تحریک انصا ف کو پیشگی بتانا ہو گا جلسے میں کتنے لوگ آئیں گے تاکہ انکی سکیورٹی کے انتظامات کئے جاسکیں۔ امریکہ کی کوئی پالیسی تبدیل نہیں ہوئی، وہ ہمارا پرانا دوست اور سٹرٹیجک پارٹنر ہے۔