چیئرمین سینٹ کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے: قائمہ کمیٹی کی سفارش

اسلام آباد (این این آئی) سینیٹ  قائمہ کمیٹی برائے قواعدو ضوابط و استحقاق کا وزیر مملکت برائے داخلہ کی اجلاس میں عدم شرکت پر اظہار برہمی ، کمیٹی نے سیکیورٹی اداروں کی جانب سے ظاہر کردہ خدشات کے باوجود چیئر مین سینیٹ  کی سیکیورٹی میں کمی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے متفقہ طور پر سفارش کی کہ چیئر مین سینیٹ  کے دفتر کی اجازت کے بغیر سیکیورٹی اہلکار تبدیل نہ کئے جائیں، چیئر مین سینیٹ  کو رینجرز موبائل سکوارڈ فراہم کی جائے، سیکیورٹی اہلکاران ، سیکیورٹی کلیئر نس کے بعدتعینات کئے جائیں۔چیئرمین سینیٹ  کو مناسب رہائشگاہ فراہم کی جائے اور نگرانی کو یقینی بنایا جائے ۔ کمیٹی نے وزارت داخلہ فی الفور ان سفارشات پر عملدرآمد کرنے اور عملدرآمد بارے رپورٹ پندرہ دنوں پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ سول ایوی ایشن کی طر ف سے غلط جواب پر چیئرمین پی آئی اے نے غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے معذرت کر لی اور سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل کر نے کی یقین دہانی کرا دی۔ سینیٹ  قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط و استحقاق کا اجلاس منگل کو چیئرمین سینیٹر کرنل (ر) طاہر حسین مشہدی کی صدارت  پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔