وزیراعظم طالبان سے مذاکرات میں سنجیدہ ہیں، قیاس آرائیاں نہ کی جائیں: بلیغ الرحمن

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) وزیر مملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف طالبان کے ساتھ مذاکرات میں سنجیدہ ہیں۔ مذاکرات حساس معاملہ ہے، قیاس آرائیاں نہ کی جائیں۔ مذاکرات میں پہلے سے طے شدہ کوئی بات نہیں ہوتی۔ بلیغ الرحمن نے افغان حکومت  کے  کابل  کے ہوٹل میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے تانے بانے پاکستان سے ملانے کے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان حکومت کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ پاکستان کسی بھی دوسرے ملک کے معاملات میں مداخلت نہیں کر رہا۔ اگر افغان حکومت کے پاس اس حوالے سے کوئی ثبوت ہیں تو فراہم کرے۔ تحریک انصاف کے رہنما و رکن قومی اسمبلی شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کیلئے تمام سیاسی جماعتیں آن بورڈ ہیں اور اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے بھی طالبان کے ساتھ مذاکرات کی حمایت میں بیان دیا ہے۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہمیں مذاکرات کیلئے ایک سازگار ماحول بنانا ہو گا۔