بارش جاری، مانسہرہ میں ڈمپر نہر میں گر گیا، ڈرائیور جاں بحق ‘حافظ آباد میں بارش کے ساتھ ژالہ باری اسلام آباد کا سملی ڈیم بھر گیا

اسلام آباد+ مانسہرہ (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) کئی شہروں میں گزشتہ روز بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا، کوہستان میں پہاڑوں پر شدید برفباری ہوئی ہے جبکہ مری میں 3 روز سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ ادھر شدید بارش کے باعث مانسہرہ میں ڈمپر الائی خوڑ نہر میں گر گیا جس سے ڈرائیور جاں بحق ہو گیا۔ علاوہ ازیں حالیہ بارشوں کے باعث اسلام آباد کا سملی ڈیم تقریباً بھرگیا ہے اور پانی کی سطح 2314 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔ سملی ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 2315 فٹ ہے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوا ئے وقت کے مطابق منگل کی سہ پہرحافظ آباد اور اس کے گردونواح پنڈی بھٹیاں، جلالپور بھٹیاں، سکھیکی ، کالیکی اور ونیکے تارڑ سمیت مختلف دیہات اور قصبات میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس کے ساتھ شدید ژالہ باری بھی ہوئی۔ بارش کی وجہ سے شہر بھر کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ ضلع بھر میں بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا۔ علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقے بادلوں کی لپیٹ میں ہیں۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔