عالمی بینک نے سماجی شعبہ کی ترقی میں تعاون کیلئے وسط مدتی جائزے کی منظوری دیدی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) عالمی بینک نے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے اشتراک سے پاکستان میں سماجی شعبے کی ترقی میں تعاونکیلئے وسط مدتی جائزے کی منظوری دی ہے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق عالمی بینک توانائی کے شعبے میں بڑی خدمات کی فراہمی اور اداروں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے تعاون فراہم کرے گا۔ وسط مدتی لائحہ عمل پاکستان کے وژن 2025ءکا حصہ ہے جس میں اقتصادی توانائی کے شعبوں میں اصلاحات اور مالی مسائل کا مستقل حل شامل ہے۔ عالمی بینک اور انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن نے اگلے تین سال میں مختلف شعبوں کیلئے امداد13 ارب30 کروڑ ڈالر تک بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ عالمی بینک اور انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کی طرف سے پنجاب میں زرعی شعبہ کے فروغ، کراچی میں شہری ترقی اور خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے بھی تعاون فراہم کیا جارہا ہے۔