موٹر وے پولیس نے شاہراہوں کے اردگرد تجاوزات کے خلاف مہم تیز کر دی
اسلام آباد (مسعودماجدسید؍ خبر نگار)نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے بھی این ایچ اے کی طرز پر شاہرات کے اردگرد تجاوزات کے خاتمے کی مہم تیز کر دی۔ عید الفطر سے قبل ملک بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن سے پہلے 326 شعور آگاہی کی مہم شروع کی گئی جن کے بعد ایک منظم و جامع حکمت عملی کے تحت تجاو زات کے خلاف 517آپریشنز کئے گئے اور ان کے نتیجے میں 1026مستقل اور 2353 عارضی تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا ہے ، باقی آپریشن کو عید الفطر کے بعد دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ موٹروے پولیس کے ذرائع سے ملنے والے اعدادو شمار کے مطابق قومی شاہرات کے اردگرد اور ان پر تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل پڑتا ہے اور خطرناک حادثات میں قیمتی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں اور گاڑیاں بھی تباہ و برباد ہو جاتی ہیں۔ اس لئے ٹریفک کی روانی کو رواں رکھنے کیلئے قومی شاہرات پر سے تجاوزات کا خاتمہ کرنے کے لئے موٹر وے پولیس نے این 5نارتھ زون، این 5 سینٹرل زون،این 5 ساوتھ زون،اور ویسٹ زون میں وسیع پیمانے پر شعور آگاہی مہم شروع کی ہے۔ اس سلسلے میں موٹر وے پولیس نے جامع حکمت عملی اپنائی ہے اس کے تحت 4مراحل میں مہم چلائی گئی ، پہلے مرحلے میں مقامی میونسپل کمیٹیوں سے میٹنگ کر کے تجاوزات کی نشاندہی کی جاے ٔ گی،دوسرے مرحلے میں لوگوں کو تجاوزات کے خاتمے بارے شعوری مہم چلائی گئی، تیسرے مرحلے میں متعلقہ محکموں کے اشتراک و معاونت سے پہلے 14یوم کی مہلت دی گئی کہ وہ رضا کارانہ طور پر تجاوزات خود ہی ختم کر دیں اور چوتھے و آخری مرحلے میں موٹر وے پولیس نے این ایچ اے اور دیگر محکموں کے ساتھ مل کر تجاوزات کے خاتمے کا آپریشن شروع کیا۔