محکمہ موسمیات کی اگلے ہفتے سے مون سون کی باقاعدہ بارشیں شروع ہونے کی پیشگوئی

اسلام آباد (آئی این پی ) محکمہ موسمیات نے اگلے ہفتے سے مون سون کی بارشیں شروع ہونے کی پیشگوئی کردی ۔پنجاب، اسلام آباد، خیبرپی کے، کشمیر، زیریں سندھ اور مشرقی بلوچستان میں اکثر علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ۔ آئندہ 24گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں دن کے وقت موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم میر پور خاص،سکھر، بہاولپور،کوئٹہ،قلات اور ڈی جی خان ڈویژن میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ آئندہ 48 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم میر پور خاص،سکھر، بہاولپور، کوئٹہ، ژوب، قلات، ڈی جی خان اور ملتان ڈویژن میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ24گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ گزشتہ روز ریکارڈ کئے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت میں دادو46، تربت، بھکر، سبی 45، رحیم یار خان، اوکاڑہ، بہاولنگر،سکھر، جیکب آباد، شہید بینظیرآباد اور روہڑی میں44 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔