کے الیکٹرک نے صارفین سے 70 ارب روپے سے زائد وصولی کی حکمت عملی بنا لی

اسلام آباد (قاضی بلال) کے الیکٹرک کمپنی نے بجلی صارفین سے 70 ارب روپے سے زائد وصولی کی حکمت عملی مرتب کر لی ہے۔ اس حوالے سے نیپرا سے آئندہ دس برس کیلئے بجلی 66 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے اور صارفین پر مزید بوجھ اور ریلیف میں کمی کیلئے درخواست دائر کر دی ہے۔ کراچی میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اور بہتر سروسز کی فراہمی کیلئے کمپنی کئی برس سے کوششیں کر رہی ہے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق کے الیکٹرک نے نیپرا سے سسٹم آپریشن اور مرمت کے نام پر بجلی دو ہزار چھبیس تک چھیاسٹھ پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی ہے۔ کے الیکٹرک کے دس سالہ ٹیرف میں نئی شرائط شامل کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔ کے الیکٹرک نے درخواست میں سبسڈی کی ادائیگی میں تاخیر کے باعث کے الیکٹرک کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ نیپرا کے الیکٹرک کے نئے ٹیرف میں ورکنگ کیپٹل کی شق شامل کرے۔ سبسڈی ادائیگی میں تاخیر کی صورت میں مالی اثرات صارفین پر منتقل کئے جائیں گے۔ کمپنی کے مطابق ٹیرف میں اضافے کا مقصد سسٹم کو مزید بہتر بنانا ہے۔