پانی کی کٹوتی کا حکم زرداری نے نہیں د یا یہ کام ارسا کرتی ہے: صدارتی ترجمان

اسلام آباد (آن لائن) صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے واضح کیا ہے پانی کی تقسیم کے فیصلے کا کام ارسا کا ہے جو صوبوں کی مرضی اور پانی کی دستیابی دیکھ کر فیصلے کرتی ہے‘ صدر آصف زرداری نے پنجاب کے پانی میں کٹوتی کرکے سندھ کو پانی دینے کی کوئی ہدایت نہیں کی۔ جمعرات کو ایوان صدر سے جاری ہونے والے بیان میں فرحت اللہ بابر نے کہا کہ ایسی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں ہے جس میں صدر آصف علی زرداری نے پنجاب کے پانی میں سے سندھ کو پانی دینے کے کوئی احکامات جاری کیے ہوں۔ انہوں نے کہاکہ گڈو کے مقام پر پانی کے اخراج میں کمی واقع ہوئی ہے جس سے نمٹنے کیلئے ارسا نے فیصلہ کیا ہے کہ تربیلا میں پانی کی سطح میں مزید اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ منگلا سے پانی کے اخراج میں 5 ہزار کیوسک کا اضافہ اور تونسہ پنجند لنک سے پانی کے اخراج میں عارضی کمی کردی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ارسا کے اجلاس میں پنجاب حکومت کے نمائندے اور واپڈا حکام بھی شریک تھے جنہیں اعتماد میں لیکر یہ فیصلے کیے گئے ہیں۔ فرحت اللہ بابر نے مزید کہاکہ پانی کی تقسیم میں تبدیلی کے حوالے سے کراچی کو صرف آگاہ کیا گیا ہے اور یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان اقدامات سے کسی بھی صوبہ کو پانی کی تقسیم متاثر نہیں ہوگی جبکہ مذکورہ اقدامات گڈو بیراج سے پانی کا اخراج معمول پر آنے تک برقرار رہیں گے۔
صدارتی ترجمان