قومی ہیروز کے اعزاز میں ضیافت ‘ کرکٹ ٹیم نے مشکلات میں گھری قوم کو خوشیاں دیں : زرداری

اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر، ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم نے ٹونٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ جیت کر پوری قوم کو خوشیاں دی ہیں۔ ٹیم نے دنیا پر ثابت کر دیا کہ پاکستانی قوم باعزم ہے۔ وہ کوئی بھی منزل حاصل کر سکتی ہے۔ وہ ایوان صدر میں قومی ٹیم کے ہیروز کے اعزاز میں منعقدہ ضیافت کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ صدر نے اس موقع پر کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں میں کیش ایوارڈز بھی تقسیم کئے۔ تقریب میں وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، ڈپٹی سپیکر فیصل کریم کنڈی، وفاقی وزرائ، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ اعجاز بٹ، چیئرمین قومی سلیکشن کمیٹی وسیم باری سمیت وفاقی سیکرٹریوں نے بھی شرکت کی۔ صدر نے پوری ٹیم اور بالخصوص شاہد آفریدی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ پاکستان بلندو بالا پہاڑوں کی سرزمین ہے۔ ان پہاڑوں میں سے شاہد آفریدی جیسے کھلاڑی جنم لیتے ہیں۔ کرکٹ ٹیم نے مشکلات میں گھری قوم کو بے انتہا خوشیاں دی ہیں جس پر پوری قوم کو اپنے قومی ہیروز پر بجا طور پر فخر ہے۔ مجھے اور میرے بچوں کے لئے بھی یہ موقع انتہائی پرمسرت ہے۔ محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ جب مجھ سمیت پوری قوم بے حد خوش ہے اور وہ خوشیاں منا رہے ہیں۔ صدر نے کہا کہ قومی ٹیم کو یہ منزل اتحاد، تنظیم اور یقین محکم جیسے سنہری اصول اپنانے کے باعث حاصل ہوئی۔ ٹیم نے جیت کے یقین کے ساتھ متحد ہو کر نظم و ضبط کا بہترین مظاہرہ کیا جس کی بدولت اسے یہ عظیم مقام حاصل ہوا۔ پوری پاکستانی قوم کو آپ پر فخر ہے میں امید کرتا ہوں کہ آنے والے وقت میں ہماری ٹیم کامیابیاں حاصل کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ عصرانہ میں کپتان یونس خان، سلمان بٹ، کامران اکمل، سعید اجمل، عبدالرزاق، شاہ زیب حسن، شاہد خان آفریدی، فواد عالم، شعیب ملک، راؤ افتخار، محمد عامر، سہیل تنویر کے علاوہ جاوید میانداد، انتخاب عالم و دیگر آفیشلز نے شرکت کی۔