;شیخ رشید سے پی پی وفد کی ملاقات، اے پی سی میں شرکت کی دعوت
راولپنڈی(نوائے وقت رپورٹ) عوامی مسلم لیگ کے صدر اور قومی اسمبلی کے رکن شیخ رشید احمد نے فوجی عدالتوں کے قیام کے بارے میں پیپلز پارٹی کی طرف سے چار مارچ کو منعقد کی جانےوالی آل پارٹیز کانفرنس کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اے پی سی کا ایجنڈہ موصول ہونے پر اپنے حلیف تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے مشورہ کرکے کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ ہفتہ کو سہ پہر یہاں لال حویلی میں سینیٹر عبدالقیوم سومرو، پی پی پی کے سیکرٹری جنرل سید نیّر حسین بخاری، رخسانہ بنگش اور سینیٹر سردار علی خان پر مشتمل وفد نے شیخ رشید احمد سے ملاقات کرکے سابق صدر آصف علی زرداری اور پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سومرو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے فوجی عدالتوں کے قیام کے بارے میں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کی تمام سیاسی قوتوں میں قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے اے پی سی بلائی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں مفاہمت اور دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ ہو اور آنے والی نسلوں کو امن و استحکام دے سکیں۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم نے باہمی ملاقات کے دوران کوئی بات نہیں چھپائی، فوجی عدالتوں کی حمایت کی اور بعض سیاسی جماعتوں کے تحفظات پر غور کیا۔ ہم چار مارچ کے اجلاس میں شرکت کریں گے ہم چاہتے ہیں کہ مسلم لیگ ن کے خلاف تمام جماعتیں متحدہ محاذ بنائیں۔ قبل ازیں پیپلز پارٹی کے وفد کا لال حویلی آمد پر کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے خیر مقدم کیا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چالیس سال میں پی پی پی کا یہ دوسرا وفد لال حویلی آیا ہے اس سے پہلے سید خورشید احمد شاہ اور نوید قمر آئے تھے۔ عبدالقیوم سومرو کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری نے ہمیں ہدایت کی تھی کہ اے پی سی کے دعوت نامے دینے کا آغاز راولپنڈی میں شیخ رشید احمد سے کریں۔ ہم فون پر رابطے کے باوجود تمام سیاسی رہنماو¿ں کے پاس ذاتی طور پر جاکر دعوت نامے پہنچائیں گے۔