”ردالفساد“پنجاب میں رینجرز کے 200سرچ آپریشن ،4دہشتگرد ہلاک
راولپنڈی/ لاہور (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں+ نامہ نگاران) آپریشن ”ردالفساد“ کے تحت پنجاب رینجرز کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابقرینجرز نے پنجاب میں 200 سرچ آپریشن کئے۔ کہروڑ پکا، لیہ اور راولپنڈی میں کومبنگ آپریشنز کے تحت کارروائی کی گئی۔ آپریشنز کے دوران گھروں، مدارس اور دکانوں کی تلاشی لی گئی۔ رینجرز کی کارروائیوں میں 4 دہشت گرد ہلاک اور 600 سے زائد مشتبہ کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ہونے والے میں بعض افغان شہری بھی شامل ہیں جبکہ کارروائیوں کے دوران تخریبی مواد اور اسلحہ بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔ جماعت الاحرار کے بعض مبینہ سہولت کاروں کو بھی حراست میں لیا گیا۔ ساہیوال میں سی ٹی ڈی نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا۔ نارووال سے مشکوک پاکستانی شناختی کارڈ کا حامل افغان باشندہ پکڑا گیا۔ اعجاز الحق نے علی حسن کے نام سے شناختی کارڈ بنوا رکھا ہے۔ سرگودھا میں 100 سے زائد افراد کی بائیومیٹرک کے ذریعے تصدیق کی گئی، 5 افراد کیخلاف اسلحہ اور منشیات برآمد ہونے پر مقدمات درج کر لئے گئے۔ 70 سے زائد گھروں کی تلاشی لی گئی۔ سیالکوٹ کے علاقے کوٹلی لوہائی سے غیرقانونی مقیم افغان باشندہ حراست میں لے لیا گیا۔ میانوالی میں 163 گھروں کو سرچ کیا گیا اور 105 مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ اوکاڑہ چھاﺅنی میں سرچ آپریشن کے دوران ایک شخص اکمل سے پستول اور 100 گولیاں برآمد، 98 افراد کی بائیومیٹرک تصدیق کی گئی۔ لکی مروت میں قانون افذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث دہشت گرد سمیت 14 اشتہاری اور 70 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ چنیوٹ میں 83 مشکوک افراد کی بائیومیٹرک تصدیق کی گئی۔ ناجائز اسلحہ ملنے پر 4 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا۔ گوجرانوالہ میں 2 افغان باشندوں سمیت 25 مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا۔ کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے تین مبینہ دہشت گرد گرفتار کر لئے گئے۔ ایس ایس پی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے میڈیا کو بتایا کہ ملیر میں چھاپے کے دوران پکڑے جانیوالوں نے درجنوں افراد کو قتل کیا۔ گرفتار دہشت گردوں میں ایک متحدہ کا جوائنٹ یونٹ انچارج تھا۔ دہشت گردوں سے آٹھ کلاشنکوف، دستی بم اور پستول برآمد کر لئے۔ دہشت گردوں میں انوار، آصف ممتاز عرف میر اور خرم شہریار شامل ہے۔ سیاسی ججماعت کا جوائنٹ یونٹ انچارج عسکری ونگ کا اسلحہ قبرستان منتقل کر رہا تھا، حفیظ بروہی کی بہت سی کڑیاں بلوچستان سے ملتی ہیں، سیہون دھماکے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی، شکارپور میں گرفتار ملزم عثمان سے تفتیش کی ہے۔ اسلام آباد کے مختلف علاقوں بالخصوص بس سٹینڈز اور سٹاپس سے چار افغانیوں سمیت تقریباً 50 افراد کو حراست میں لے لیا۔ صادق آباد میں 2 ٹرک ڈرائیوروں کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کر لیا۔ گرفتار کئے گئے ڈرائیوروں سخی بادشاہ اور رسول نواز افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی آڑ میں بارود پاکستان لاتے تھے اور پھر مختلف علاقوں میں سپلائی کرتے تھے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار کئے گئے ٹرک ڈرائیوروں کے دہشت گردوں کے ساتھ روابط ہیں۔ مردان میں 27 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ اٹک کے علاقے فتح جنگ میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کر کے دو افغان باشندوں سمیت چھ خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ بھکر میں پولیس نے سرچ آپریشن کر کے دوافغان باشندوں سمیت پینتیس مشتبہ افراد کوگرفتار کر لیا۔