مسافروں کو سہولتوں کی فراہمی، پاکستان ایکسپریس ٹرین میں نئے ریکس شامل
اسلام آباد(خبر نگار)پاکستان ریلوے نے اپنے مسافروں اور کسٹمرز کو بہتر خدما ت کی فراہمی کےلئے پاکستان ایکسپریس ٹرین میں نئے ریکس شامل کئے ہیں جس کاافتتاح آج26اپریل کو ہو رہا ہے جو کہ وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر کریں گے ۔ یہ ٹرین راولپنڈی سے براستہ فیصل آباد کراچی جائے گی پاکستان ایکپریس ٹرین سندھ کو پنجاب سے ملاتی ہے ۔ پاکستان ایکسپریس ٹرین اپنا سفر 11بوگیوں کے ساتھ راولپنڈی سے شروع کرے گی بعد ازاں فیصل آباد میں اس کے ساتھ مزید8بوگیاں لگائی جائیں گی ۔ یہ کل19بوگیوں کے ساتھ کراچی پہنچے گی ۔ اس کا کرایہ بہت معمولی رکھا گیا ہے جو کہ راولپنڈی سے فیصل آباد کے لئے 410روپے ہو گا اور راولپنڈی سے کراچی کے لئے اس کا کرایہ فی مسافر 1400 روپے ہو گا۔پاکستان ایکسپریس ٹرین کے منظورشدہ سٹاپس میں گوجر خان ، جہلم ، لالہ موسیٰ،گجرات ، وزیر آباد ، حافظ آباد،سانگلہ ہل، فیصل آباد، گرجرہ،ٹوبہ ٹیک سنگھ ، شورکوٹ کینٹ،خانیوال،ملتان، لودھراں،بہاولپور،ڈیرہ نواب شاہ، خانپور، رحیم یار خان،صادق آباد،روہڑی، ٹنڈو آدم خان اور حیدر آباد شامل ہیں ۔پاکستان ایکسپریس ٹرین کے تمام ریکس کی پرانی بوگیوں کو ہٹا کر نئی بوگیاں لگائی گئی ہیںپرانے ریکس میں 110وولٹ بجلی فراہم کی جاتی تھی جو کہ اب 220وولٹس ہو جائے گی ۔ جس سے مسافروں کی سہولت اور آسانی میں اضافہ ہو جائے گا۔ اس ٹرین کی بوگیاں ریلوے کیرج فیکٹری اسلام آباد میں ہی زیادہ تر دوبارہ بحال کی گئی ہیں ۔ ٹرین کے ساتھ لگائے جانے کے بعد ان بوگیوں کی مینٹیننس حال ہی میں ریلوے کیرج شاپ مغل پورہ لاہور میں کی گئی ۔ان بوگیوں کی بحالی کے کام پر مجموعی طور پر ایک کروڑ 10لاکھ روپے کی لاگت آئی ہے جب کہ اس کے مقابلہ میں نئی کوچ پر8کروڑ روپے خرچہ آتا ہے ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ریلوے کی مسافر کو چ کی بحالی پر خرچ کی جانے والی رقم اس بوگی کے آپریشنل ہونے کے 6ماہ کے اندر اندر وصول ہو جاتی ہے ۔