پاکستان ملیریا پر قابو پانے میں کامیاب ہوگیا‘ عالمی ادارہ صحت
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او )کے کنٹری ڈائریکٹرعصائی اردگانی نے کہا ہے کہ پاکستان نے کامیابی کے ساتھ ملیریا کی بیماری پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے،بیماری مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی، پاکستان ملیریا پر قابو پانے میں کامیاب ہو رہا ہے،دو سال میں صرف 60مریض سامنے آئے۔ملیریا کے عالمی دن کے حوالے سے ملیریا کنٹرول پروگرام کے تحت سیمینار قومی ادارہ صحت میں منعقد کیا گیا۔ عالمی ادارہ صحت کے کنٹری ڈاِئریکٹرعصائی اردگانی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔سیمینار کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈبلیو ایچ او کے کنٹری ڈائریکٹرعصائی اردگانی نے کہا کہ پاکستان نے کامیابی کے ساتھ ملیریا کی بیماری پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے،اگرچہ یہ بیماری مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی تاہم اس پر کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ملیریا پر قابو پانے میں کامیاب ہو رہا ہے،دو سال میں صرف 60 مریض سامنے آئے پاکستان میں ڈاکٹر بصیر اور ان کی ٹیم کا اس میں بہت بڑا کردار ہے۔ ڈائریکٹر ملیریا کنٹرول پروگرام ڈاکٹر بصیر اچکزئی نے کہا کہ ملک بھر میں سال دو ہزار سولہ میں ایک لاکھ چون ہزار نو سو نوے ملیریا سے متاثرہ مریضوں کا علاج کیا گیا۔صحت کے شعبہ میں ملیریا کنٹرول پروگرام کامیاب ترین پروگرام ہے ڈاکٹر بصیرنے بتایا کہ گلوبل فنڈ کی طرف سے مقرر کردہ احداف حاصل کرنے میں ملیریا پروگرام کامیاب رہا ،ملیریا سے بچاو کے لیے ملک بھر میں بیس لاکھ مچھر دانیاں تقسیم کی گئیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال ملیریا کے 10 لاکھ کیس رپورٹ ہوتے ہیں جو عالمی ادارہ صحت مشرقی خطے میں ملیریا سے سب سے زیادہ متاثر ممالک میں شامل ہے۔ ایک اندازے کے مطابق 5 کروڑ 60 لاکھ پاکستانیوں کو ملیریا سے شدید خطرات لاحق ہیں ۔ گلوبل فنڈ کے تعاون سے ملیریا کی تشخیص کے لیے 3155 سرکاری و نجی سینٹرز قائم کئے گئے ہیں جس کا مقصد 2020ءتک ملیریا کے مکمل خاتمے کے ہدف کو پورا کرنا ہے۔