این ایچ اے نے اسلام آباد پشاور موٹروے پر صوابی ریسٹ ایریا کا قبضہ دوبارہ حاصل کرلیا
اسلام آباد(خبر نگار)نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ایک پرائیویٹ تعمیراتی کمپنی کے خلاف پانچ سالہ طویل قانونی جنگ جیت کر اسلام آباد۔پشاور موٹروے ( M-1)پر صوابی ریسٹ ایریا کا قبضہ دوبارہ حاصل کرلیاہے۔این ایچ اے اب ٹینڈرنگ کے عمل کے ذریعے 2 سے3مہینوں میں اس ریسٹ ایریا کی تعمیر کا کام شروع کردے گا۔ذرائع کے مطابق عدالتی فیصلے کے بعد این ایچ اے کے ممبرایڈمنسٹریشن علی شیر محسودکی زیر قیادت جنرل منیجر ایڈمن محمد آصف ہرگن نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی مدد سے ریسٹ ایریا کو اپنی تحویل میں لے لیا۔غیر قانونی قبضے پر پیٹروسن انجنیئرنگ کے19 ملازمین کے خلاف صوابی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرادی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق این ایچ اے نے 2012 میں پیٹروسن انجنیئرنگ کے ساتھ اسلام آباد۔پشاور موٹروے (M-1) پر مسافروں کی سہولت کیلئے ایک ریسٹ ایریا تعمیر کرنے کا معاہدہ کیا تھا،جس میں ٹک شاپ،مسجد،فلنگ سٹیشن،ورکشاپ،اور مردو خواتین کیلئے ٹائلٹ سمیت تمام سہولیات فراہم کرنا تھا،تاہم کمپنی معاہدے کے مطابق تعمیراتی منصوبہ پر عملدرآمد کرنے میں ناکام رہی،جس کی وجہ سے چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی شاہد اشرف تارڑنے ان کے ساتھ معاہدہ منسوخ کردیا ،جس پر پیٹروسن انجنیئرنگ نے معاہدہ کی منسوخی پر عدالت سے حکم امتناعی حاصل کر لیا۔رابطہ کرنے پر این ایچ اے کے ترجمان کاشف زمان نے بتایا کہ 151کلومیٹر طویل چھ رویہ اسلام آباد۔پشاور موٹروے(M-1) کا افتتاح2007 میں کیا گیا تھا ۔صوابی ریسٹ ایریا کی تعمیر سے مسافروں کو خاطر خواہ سفری سہولت میسر آئے گی۔