طلحہٰ ہارون کو امریکہ حوالگی سے روکنے کی درخواست پر انکوائری کا ریکارڈ طلب
اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستانی نژاد امریکی شہری طلحہ ہارون کو امریکہ کے حوالے کرنے سے روکنے کی درخواست پر انکوائری کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا اور سماعت 9مئی تک ملتوی کر دی ۔منگل کو عدالت عالیہ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل بینچ نے طلحہ ہارون کے والد ہارون الرشید کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی ۔درخواست گزار کی جانب سے طارق اسد ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ انکوائری افسر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انکوائری کا ریکارڈ عدالت میں جمع کرائیں۔سماعت کے موقع پر اسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں۔جس پر عدالت نے انکوائری کا مکمل ریکارڈ عدالت میں جمع کرانے کا حکم جاری کرتے ہوئے سماعت 9 مئی تک ملتوی کر دی ۔واضح رہے کہ پاکستانی نژاد امریکی شہری طلحہ ہارون امریکہ کو مطلوب ہے۔