جنوبی ایشیا میں امن و تعاون کیلئے سلامتی اور استحکام ناگریز ہے :نواز شریف
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی /آئی این پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیاءمیں امن و تعاون کیلئے سلامتی اور استحکام ناگزیر ہے،جنوبی ایشیاءمیں امن و تعاون کا فروغ پاکستان کی خواہش ہے،پاکستان مالدیپ کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے،دونوں ملکوں میں پارلیمانی تعاون کا فروغ خوش آئند ہے،پاکستان اور مالدیپ کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے کی ضرورت ہے،پاکستان سارک چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کیلئے پرعزم ہے۔منگل کو مالدیپ کے وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد عاصم سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان اور مالدیپ مشترکہ مذہب،احترام اوردوستی کے رشتے میں بندھے ہیں، دونوں ملکوں میں پارلیمانی تعاون کا فروغ خوش آئند ہے،گذشتہ سال چیئرمین سینیٹ کا مالدیپ کا دورہ مضبوط پارلیمانی تعلقات کا آئینہ دار ہے، وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سارک کو خطے کی متحرک علاقائی تنظیم دیکھنا چاہتا ہے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مالدیپ کے وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے خواہاں ہیں۔