نیوز لیکس رپورٹ آج وزیر اعظم کو پیش ہوگی، قیاس آرائیاں نی کی جائیں، مریم اورنگزیب
اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ اپوزیشن پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز شریف سے خوفزدہ ہے، وہ اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے مریم نوازشریف کا نام ڈان لیکس کے معاملے سے جوڑنے کی کوشش کر رہی ہیں، وزیراعظم کی بیٹی کیخلاف بے بنیاد الزامات پر مبنی بیان بازی کا مقصد ان کی سیاسی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ پورے خطے کے عوام کیلئے وزیراعظم محمد نوازشریف کا تحفہ ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کارکردگی کی بنیاد پر 2018ءکے انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔ منگل کو پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں چائنہ کلچر سنٹر کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مبینہ دھاندلی کیخلاف دھرنے کے دوران تحریک انصاف کی قیادت نے مریم نواز کو نشانہ بنایا، پانامہ کیس کے دوران بھی یہی رویہ اختیار کیا اور ان کا ایک سال اور 17 دن میڈیا ٹرائل کیا گیا اور اب ڈان لیکس رپورٹ آنے والی ہے لیکن اپوزیشن جماعتوں نے پھر مریم نوازشریف کیخلاف کسی ثبوت کے بغیر الزام تراشی شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی بیٹی کیخلاف بے بنیاد الزامات پر مبنی بیان بازی کا مقصد ان کی سیاسی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے تاہم اللہ تعالیٰ کی رحمت سے سپریم کورٹ نے مریم نواز کو وزیراعظم کے زیر کفالت اور لندن اراضی کی مالک ہونے کے پاکستان تحریک انصاف کے دعویٰ کو مسترد کردیا۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرے ، میڈیا ڈان لیکس کی باضابطہ رپورٹ کا انتظار کرے اور ذرائع کی خبریں بند ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پاناما فیصلے سے مایوس ہو کر ڈان لیکس پر سیاست کرنا چاہ رہی ہے، ناکامی اور مایوسی اپوزیشن کا مقدر ہے اور ڈان لیکس کے معاملے پر انہیں اسی ناکامی اور مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اپوزیشن مایوسی کا شکار ہے اور منفی کردار ادا کر رہی ہے اور دو ججوں کے اختلافی نوٹ کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنا شروع کردیا ہے جو فیصلہ کا حصہ نہیں، اپوزیشن فیصلے کو غلط انداز میں پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس پی آر نے جے آئی ٹی کے بارے میں اپوزیشن کے تاثر کو دور کرنے کیلئے بیان جاری کیا، اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اب الزامات کی سیاست کو ختم ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہر رپورٹ اور عدالتی فیصلہ کے بعد رونے کی عادت ڈال لی ہے تاہم جھوٹے الزامات لگانے والوں کی قسمت میں رونا ہی لکھا ہے، آصف علی زرداری کے سی پیک منصوبہ کو اپنا منصوبہ قرار دینے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں پاکستان کے لوگ اپنی جیبیں سنبھالتے تھے، وہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور سی پیک جیسے منصوبے کا دعویٰ کیسے کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ عجیب بات ہے کہ اقلیتی جماعتیں 3 بار وزیراعظم منتخب ہونے والے اور ملک کے مقبول وزیراعظم سے استعفیٰ مانگ رہی ہیں۔ دریں اثناء وزارت داخلہ کے مطابق ڈان لیکس رپورٹ آج وزیراعظم کو پیش کی جائیگی۔منگل کو جاری کئے گئے بیان کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ ڈان لیکس رپورٹ باضابطہ طور پر منگل کو وزیر داخلہ کو 6 بج کر 45 منٹ پر پیش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لینے سے پہلے اس پر تبصرہ کس طرح کیا جا سکتا ہے۔ بد قسمتی سے چند عناصر اس خبر کو اپنا مخصوص زاویہ دینے پر نجانے کیوں مصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ کے مندرجات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد (آج) بدھ کو رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کر دی جائے گی اور وزیر اعظم کی منظوری سے اسکی سفارشات کو پبلک کر دیا جائے گا۔