این اے 246 سے متحدہ کے کنور نوید جمیل کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری، چیف الیکشن کمشنر کا متعلقہ اداروں کو خراج تحسین
اسلام آباد (آن لائن+ صباح نیوز) الیکشن کمشن نے این اے 246 سے متحدہ قومی موومنٹ کے کنور نوید جمیل کی کامیابی کا حتمی نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ کنور نوید جمیل کو 95 ہزار 644 ووٹ لیکر کامیاب قرار دیا گیا۔ الیکشن کمشن نے بتایا کہ حلقہ این اے 246 میں کل ایک لاکھ 30 ہزار 295 ووٹ کاسٹ کئے گئے۔ ذرائع کے مطابق کنور نوید جمیل پیر کے روز قومی اسمبلی میں ممبر کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا اور ممبران الیکشن کمشن نے کراچی کے حالیہ ضمنی انتخاب کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کی ذمہ دارانہ اور جمہوری طرزِ عمل کی بھی تعریف کی اور تمام متعلقہ اداروں جن میں الیکشن کمشن، رینجرز، پولیس، سندھ حکومت انتظامیہ اور دیگر اداروں کی مخلصانہ کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان سب کا شکریہ ادا کیا۔ دریں اثناءکنور نوید جمیل اور عمران اسماعیل نے انتخابی مہم کے اخراجات کے گوشوارے الیکش کمشن میں جمع کرا دئیے۔
کنور نوید/ نوٹیفکیشن