عدلیہ کی تضحیک، آصف زرداری کے خلاف کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی
اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری کیخلاف کیس کی سماعت درخواست گزار کی عدم موجودگی کی وجہ سے غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔ جمعہ کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں آصف علی زرداری کیخلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد انور خان نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران درخواست گزار رائے ریاض حنیف عدالت میں پیش نہ ہوسکے۔ کیس کی سماعت عدالت نے غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔ درخواست گزار نے درخواست دائر کی ہے کہ آصف زرداری نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کیخلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے اور اپنی پارٹی کے جلسوں میں عدلیہ کو تضحیک کا نشانہ بنایا اور دجال جیسے الفاظ استعمال کئے۔ عدالت سے استدعاء کی گئی تھی کہ سابق صدر آصف علی زرداری کیخلاف عدلیہ بارے نازیبا اور منفی بیان دینے پر توہین عدالت کی کارروائی جائے۔