خیبر پی کے حکومت نے بلدیاتی ا نتخابات کیلئے الیکشن کمشن کو درخواست دیدی
اسلام آباد (خبرنگار) خیبر پی کے حکومت نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے الیکشن کمشن کو باقاعدہ درخواست کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن کو بھجوائی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمشن جلد از جلد صوبے میں بلدیاتی انتخابات کروائے۔ کے پی کے حکومت نے درخواست میں الیکشن کمشن کو تجویز دی ہے کہ صوبے میں تین مراحل اور تین مختلف دنوں میں انتخابات کرائے جائیں۔ سکیورٹی اور انتظامی لحاظ سے صوبے کو برفانی، شہری اور دیہی علاقوں میں تقسیم کیا جائے۔ ایک علاقے سے دوسرے علاقے میں انتخابات 10سے 15دن کے وقفہ کے بعد کرائے جائیں تاکہ سکیورٹی اور انتظامی لحاظ سے وسائل کو ہر علاقے میں پوری طرح استعمال کیا جاسکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 10 کروڑ بیلٹ پیپر اور 12 کروڑ نامزدگی پیپر چھاپے جائیں گے۔ بائیومیٹرک سسٹم کا استعمال صرف تحصیل غازی کی حد تک ہوگا۔ آئندہ سال جنوری میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کردیا جائیگا جبکہ مارچ کے آخر میں خیبر پی کے میں بلدیاتی انتخابات متوقع ہیں۔