خسارہ پورا کرنے کیلئے بجلی کے کمپوٹرائزڈ میٹروں کی رفتار 35 فیصد تک تیز کر دی گئی

اسلام آباد (آئی این پی+ اے پی پی) بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی ایک اور لوٹ مار سامنے آگئی‘ ڈسکوز نے ریونیو خسارہ پورا کرنے کیلئے نئے کمپیوٹرائزڈ میٹروں کی رفتار 30 سے 35 فیصد تک تیز کر دی۔ جمعہ کے روز اہم حکومتی ذرائع نے انکشاف کیا کہ بجلی کی اووربلنگ کے حوالے سے وزیراعظم کی ہدایت پر ڈاکٹر مصدق ملک کی سربراہی میں قائم کئے گئے انسپکشن کمشن نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی چوری پکڑ لی ہے۔ ادھر وزارت پانی و بجلی کے ترجمان نے بجلی کے نئے میٹرز کے پرانے میٹرز کی نسبت تیز چلنے سے متعلق خبروں میں دئیے جانے والے تاثر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم معائنہ کمشن کے حوالے سے یہ خبر قبل از وقت سرکاری خط و کتابت پر مبنی اور تکنیکی بنیادوں پر حقائق کے منافی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کی طرح کمشن نے صارفین کی شکایات کی بنیاد پر ایک آبزرویشن دی جس کا یہ قطعاً مطلب نہیں کہ اُسکی تصدیق ہوگئی ہے۔