مری میں غیرقانونی تعمیرات‘ چیف جسٹس کا نوٹس‘ حکام سےرپورٹ طلب
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) چیف جسٹس آف پاکستان ، مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار نے مری میں غیرقانونی تعمیرات کانوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام رپورٹ طلب کرلی ہے ۔چیف جسٹس نے ڈی جی انسانی حقوق سیل کو ہدایات جاری کہ اس حوالے سے رپورٹ عدالت میں جمع کروائی جائے۔جمعہ کو چیف جسٹس نے نوٹس مری میں تعینات افسر کی درخواست پر سماعت کے دوران لیا۔انھوں نے ڈائریکٹر جنرل انسانی حقوق سیل کو ہدایت جاری کی ہیں کہ عدالت کو متعلقہ حکام سے پوچھ کر بتایاجائے کہ مری میں کتنی غیرقانونی تعمیرات ہوئیں اور متعلقہ حکام سے معاملے پر رپورٹ لیکر عدالت میں جمع کروائی جائے۔نوٹس لیتے ہوئے چیف جسٹس جسٹس ثاقب نثار کاکہناتھا کہ مری بھی راجہ بازار بنتا جارہا ہے، مبینہ ملی بھگت سے ہونے والی تجاوزات کے باعث بازار اور سڑکیں تنگ ہوتی جارہی ہیں، جس سے سٹرکوں پر ٹریفک بلاک ہونا معمول بن گیا ہے، جبکہ درختوں کی کٹائی سے گلوبل وارمنگ بڑھ رہی ہے، اس موقع پر عدالت کو بتایا گیا کہ مری میں ایک افسرکوغیرقانونی تعمیرات کے معاملے پر غفلت برتنے پرکام سے نکال دیاگیاتھا۔