تنخواہ پچیس ہزار ماہانہ کی جائے،فقیر بخاری
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)آل پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر سید فقیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ حالیہ بجٹ میں کم از کم تنخواہ پچیس ہزار روپے ماہانہ کی جائے۔موجودہ آمدن سے مزدورطبقہ کی گزر اوقات دشوار ہے۔حکومت کی ذمہ داری ہے کہ طے کی گئی کم از کم تنخواہ پر عملدرآمد بھی کروایا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی ایم ایل مزدور ونگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکمران موجودہ کم از کم تنخواہ میں ایک گھر کا بجٹ بنا کر دکھائیں۔بنیادی اشیاءضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں ایسے میں غریب کا چولھا جلنا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں کم از کم تنخواہ مقررکردی جاتی ہے مگر اس پر عمل درآمد کا کوئی نظام نہیں ہے۔چنانچہ کئی لوگوں کو حکومت کی طرف سے مقررہ تنخواہ سے بھی کم دیاجاتا ہے ۔ بےروزگاری کے ڈر سے وہ لوگ بول نہیں سکتے اور خاموشی سے ظلم سہتے رہتے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ مقررکردہ کم از کم تنخواہ پر عمل درآمد یقینی بنائے ۔