سری لنکن زائرین وساکھ میلہ میں شرکت کے بعد وطن واپس
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سری لنکاکے بدھ بھکشوﺅںاور زائرین کا 34 رکنی وفد گوتم بدھا کے یوم پیدائش پرسالانہ وساکھ میلہ کے تہوار میں شرکت کے بعد بدھ کو سری لنکا روانہ ہوگیا۔ پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) جے ناتھ سی پی کوٹاگوداگیج اور قومی تاریخ وادبی ورثہ کے حکام نے بے نظیربھٹو بین الاقوامی ہوائی اڈے پر وفد کو الوداع کیا۔ مشیر وزیراعظم برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی کی دعوت پر سری لنکا سے وفد نے وساکھ میلہ میں شرکت کی تھی۔ زائرین وفد کے سربراہ اور وائس چانسلر بدھسٹ اینڈ پالی یونیورسٹی سری لنکاپروفیسر گلیلی سوماناسری تھیرو نے کہاکہ حکومت پاکستان ،سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمشن اورقومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے بہترین انتظامات اور سہولیات کے ذریعے ہماری مہمان نوازی کی اور میڈیا کوریج دی۔پاکستان عالمی میڈیا کی پیش کردہ تصویر کے برعکس ہے۔ انہوں نے پاکستانی میڈیا کا بھی شکریہ اداکیا کہ انہوں نے ان کی آمد اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کو بھرپور طورپر اجاگرکیا۔ پروفیسر گلیلی تھیرو نے کہاکہ سری لنکا واپس جاکر اپنی حکومت اور عوام کو پاکستان اور اس کے عوام کی مہمان نوازی، گرمجوشی اور اچھے اخلاق کے بارے میں آگاہ کریں گے اور اس کا اصل چہرہ پیش کریں گے۔ پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) جے ناتھ سی پی کوٹاگوداگیج نے زائرین کے وفد کی آمد اور ان کے پاکستان میں قیام کے سلسلے میں انتظامات کو بہترین قرار دیتے ہوئے قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے امیدظاہر کی کہ کہ آئندہ سال سے بدھ مت کے ماننے والے دیگر ممالک سے بھی زائرین وساکھ میلہ میں شریک ہوں گے اور اس میلے کے رنگوں میں مزید اضافہ کریں گے۔