بھارت اپنی کوتاہیوں کو چھپانے کیلئے مصنوعی حرکتیں کرتا رہتا ہے‘ اشتر اوصاف
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) آسٹریلین ہائی کمیشن کے زیراہتمام پاکستان میں فوجداری نظام انصاف میں اصلاحات سے متعلق سیمینار سے خطاب کے دوران اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے کہا ہے کہ قانونی چارہ جوئی مسائل حل کرنے کیلئے نہیں بلکہ مخالفین کو پھنسانے کیلئے کی جاتی ہے اصلاحات کیلئے ججز، وکلاء اور اساتذہ کی تربیت بھی ضروری ہے اصلاحات کیلئے نئے آئیڈیاز کو سامنے لانے کی ضرورت ہے۔ بعدازاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام جماعتیں کلبھوشن معاملے پر متفق ہیں کیونکہ یہ ملک کا سوال ہے، عالمی عدالت میں کسی کی جیت یا ہار نہیں ہوئی کسی کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں،ہمارا موقف اور کام بالکل درست ہے انشا ء اللہ فتح حق اور سچ کی ہو گی۔ سزائے موت کے فیصلے تک التواء میں ڈالنا دنیا بھر کا معمول ہے،کلبھوشن کو تختہ دار پر لٹکا نہیں رہے تو مایوسی کیوں عالمی عدالت انصاف نے آٹھ جون کو دونوں فریقین کو تحریری مؤقف دینے کا کہا جائے گا، ہندوستان نے تاحال اپنا تحریری موقف دائر نہیں کیا، بھارت اپنی کوتاہیوں کو چھپانے کیلئے مصنوعی حرکتیں کرتا رہتا ہے، ایڈہاک جج کی تعیناتی کیلئے مختلف لوگوں کے انٹرویوز ہو رہے ہیں۔ آئندہ سماعت پر خود بھی ہیگ جائوں گا۔