نگران حکومت نے بڑے پیمانے پر اعلیٰ پولیس افسران کے تبادلوں اور تعیناتیوں کے احکامات جاری کر دئیے

اسلام آباد(آن لائن)نگران حکومت نے بڑے پیمانے پر اعلیٰ پولیس افسران کے تبادلوں اور تعیناتیوں کے احکامات جاری کئے ہیں۔ خیبر پی کے میں فرائض سر انجام دینے والے گریڈ 20کے پولیس افسر ڈاکٹر علیم خان کی خدمات بلوچستان حکومت کے سپرد کی گئی ہیں جبکہ گریڈ 22کے سید امتیاز الطاف کا بھی بلوچستان میں تبادلہ کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر محمد سلمان کی خدمات سندھ حکومت کے سپرد کی گئی ہیں جبکہ ایف آئی اے میں گریڈ 20کے انعام غنی کی خدمات گلگت بلتستان کی حکومت کے سپرد کی گئی ہیں۔ گریڈ19کے فصیح الدین اشرف کا تبادلہ بلوچستان سے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کر دیا گیا ہے۔ فرنٹیئر کانسٹیبلری خیبر پی کے کے گریڈ19کے افسر کیپٹن (ر) افتخار خان کی خدمات کے پی کے حکومت کے سپرد کی گئی ہیں۔ گریڈ19کے افسر وقار خان کا خیبر پی کے حکومت سے گلگت بلتستان گریڈ 18کے عمران شاہ کا تبادلہ خیبر پی کے سے بلوچستان جبکہ گریڈ18کے ہی گل ولی خان کا خیبر پی کے سے اسلام آباد پولیس میں تبادلہ کیا گیا ہے۔ گریڈ18کے زیب اللہ خان کا خیبر پی کے سے تبادلہ کر کے انکی خدمات بلوچستان حکومت کے سپرد کی گئی ہیں۔