صدر زرداری سے منظور وسان، جاپانی سفیر کی ملاقاتیں

صدر زرداری سے منظور وسان، جاپانی سفیر کی ملاقاتیں

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+اے پی پی) اسلام آباد میں صدر آصف علی زرداری سے پیپلز پارٹی سندھ کے رہنما منظور وسان نے ملاقات کی۔ اس دوران سندھ کی سیاسی صورتحال اور حکومت سازی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثناءصدر آصف زرداری سے زمبابوے کیلئے پاکستان کے نئے سفیر آصف خان اور یوکرائن کیلئے نامزد سفیر میجر جنرل (ر) وجاہت علی مفتی نے بھی ایوان صدر میں ملاقات کی اور اپنی نئی ذمہ داریوں کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا۔صدر نے انہیں نئی ذمہ داریوں پر مبارکباد دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ اپنی تعیناتی کے ملک اور پاکستان کے درمیان سفارتی، سیاسی، تجارتی اور معاشی تعلقات کے مزید استحکام پر توجہ مرکوز کریں۔ انہوں نے ملک کے معاشی مفادات کے مزید فروغ کے لئے پاکستان کے تمام سفارت کاروں کو معاشی سفارت کاری کی پیروی کرنے پر بھی زور دیا۔ علاوہ ازیں صدر زرداری سے پاکستان میں جاپان کے سفیر ہیروشی اوئی نے بھی ایوان صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاک جاپان تعلقات بالخصوص دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔