سینیٹر اسماعیل بلیدی کی تحریک پر آئی جی ایف سی آئندہ اجلاس میں طلب

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سینیٹ میں مجلس قائمہ برائے استحقاق نے سینیٹر محمد اسماعیل بلیدی کی تحریک پر آئی جی ایف سی کو مجلس قائمہ کے آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا گیا۔ گزشتہ روز کمیٹی کا اجلاس سینیٹر طاہر مشہدی کی صدارت میں ہوا جس میں کمانڈنٹ مکران سکاوٹس سید حسن علی عباس نے سینیٹر اسماعیل بلیدی کے ڈرائیور اور گارڈ کی گرفتاری کے بارے میں ایف سی حکام کا موقف پیش کیا۔ فرنٹیئر کور بلوچستان نے اسماعیل بلیدی کے ڈرائیور اور گارڈ کی گزشتہ سال سمگل شدہ ڈیزل‘ اسلحہ اور گاڑیاں رکھنے کا الزام میں گرفتار کیا تھا۔ اجلاس میں ایف سی حکام اور اسماعیل بلیدی کے درمیان شدید جھڑپ ہوگئی اور جے یو آئی (ف) کے اراکین اجلاس سے اٹھ کر چلے گئے۔ بلیدی کا موقف تھا کے ایف سی نے ان کے ڈرائیور اور گارڈ کو حراست میں رکھا جبکہ مکران کے کمانڈنٹ کرنل کا موقف تھا کہ ان افراد سے سمگل شدہ گاڑیاں‘ ڈیزل اور اسلحہ برآمد ہوا تھا اور بعدازاں انہیں اسماعیل بلیدی کے دباو پر رہا کردیا گیا۔