اسماعیل قریشی کو سپریم کورٹ کی اجازت کے بغیر گرفتار نہ کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ سابق سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اسماعیل قریشی کو عدالت عظمیٰ کی اجازت کے بغیر گرفتار نہ کیا جائے۔ عدالت نے اسماعیل قریشی کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے خلاف درج مقدمہ کی تفتیش میں مکمل تعاون کریں۔ عدالت نے انہیں 8 اپریل کے لئے نوٹس جاری کر دئیے۔ یہ احکامات جسٹس راجہ فیاض نے جاری کئے ہیں۔ اسماعیل قریشی این آئی سی ایل سکینڈل کے تفتیشی افسر ظفر قریشی کے بڑے بھائی ہیں۔ جمعرات کو خبریں شائع ہوئیں کہ اسماعیل قریشی کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا ہے جس کا جسٹس راجہ فیاض نے نوٹس لیا اور چیمبر میں سماعت کرتے ہوئے مذکورہ احکامات جاری کئے ہیں۔ جسٹس راجہ فیاض کو حج سکینڈل کیس میں مانیٹرنگ جج مقرر کیا گیا ہے۔