حضرت سیدہ فاطمہ زہر ا کی سیرت بہترین نمونہ عمل ہے۔ سید ہ بنت علی موسوی
اسلام آباد(نوائے وقت نیوز) قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے اعلان کردہ عالی عشرہ عزائے فاطمیہ کی مجالس و ماتمداری کے پروگرام جاری ہیںام البنین ڈبلیو ایف ‘گرلز گائیڈ‘سکینہ جنریشن کے زیراہتمام مرکزی امامبارگاہ جامعہ المرتضیٰ جی نائن فوراسلام آباد میں مجلس عزا سے خطاب کرتےہوئے خطیبہ آل نبی سیدہ بنت علی موسوی نے کہا کہ حضرت سیدہ فاطمہ زہر ا سلام اللہ علیہا کائنات کی تمام خواتین کی سیدہ و سردار ہیں جن کی سیرت دنیا بھرکی خواتین کیلئے بہترین نمونہ عمل اور مشعل راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں ننگ و عار اور ذلت کی علامت سمجھی جانےوالی عورت کو وجود جناب فاطمہ زہرا سے عظمت و رفعت کی معراج عطا ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اس پاکیزہ بی بی نے شریک کار رسالت ہونے کے ناطے خواتین کیلئے بیٹی،زوجہ اور ماں کی حیثیت سے زندگی گزارنے کا جو سلیقہ سکھایا اس کی تاسی کرکے ہر دور کی خواتین معاشرے میں ارفع و اعلیٰ مقام حاصل کرسکتی ہیں ۔ اُنہوں نے درگاہ سخی شہباز قلندر، مال روڈ لاہور ، مہمند ایجنسی ، حیات آباد پشاور، تنگی کچہری چارسدہ سمیت تمام سانحات کی پرزور مذمت کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے اظہارہمدردی کرتے ہوئے ان افسوس ناک سانحات کو روایتی دشمن کی کارستانی قراردیا ۔انہوںنے کہاکہ یہ عساکر پاکستان کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنے کا وقت ہے ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچائے اور ملک میںامن کی بحالی کےلئے جاری پاک فوج کے آپریشن کے ثمرات سے جلد بہرہ ور ہونے کےلئے ممنوعہ گروپوں کو لگام دے اور انہیں قانونی شکنجے میں جکڑے ۔