دنیا بھر میں پاکستان کی حقیقی تصویر پیش کرنے کی ضرورت ہے‘ صدر ممنون
اسلام آباد (اسپیشل رپورٹ) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان ایک اعتدال پسند‘ امن پسند اسلامی ریاست ہے۔ دنیا میں پاکستان کی حقیقی تصویر پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے بارے میں بیرون ملک پائی جانے والی غلط فہمیاں دور کی جائیں۔ صدر گزشتہ روز ایوان صدر میں بیرون ملک متعین ہونے والے انفارمیشن گروپ کے پریس افسروں سے بات چیت کر رہے تھے۔ صدر نے کہا کہ دنیا ایک گلوبل ویلج بن گئی ہے اس گلوبل ویلج میں ذرائع ابلاغ کا کردار بہت اہم ہے۔ صدر نے کہا کہ بیرون ملک تعینات ہونے والے پریس افسروں کو پاکستان کا صحیح امیج پیش کرنے کے لئے محنت کرنا ہو گی۔ صدر نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کے اس دور میں عام آدمی بھی صحافی بن گیا ہے۔ اس لئے پریس افسروں کو حکومت کی پالیسیوں کی صحیح معنوں میں بیرون ملک تشہیر کرنا ہو گی۔ صدر نے پریس افسروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی مصروف ہے۔ ضرب عضب آپریشن دہشت گردی کو پاکستان سے ختم کرنے میں کامیاب ہو رہا ہے۔ اب تک ساٹھ ہزار پاکستانی جان کی قربانی دے چکے ہیں۔ صدر نے پریس افسروں سے کہا کہ وہ کشمیر کے مسئلہ کو بھی بیرون ملک اجاگر کریں اور دنیا کو بتائیں کہ اس مسئلہ کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔ صدر نے توقع ظاہر کی بیرون ملک پریس آفیسر دیانتداری سے فرائض انجام دیں گے۔
صدر ممنون