ایفی ڈرین کیس‘ ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد نہ ہو سکی
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) انسداد منشیات عدالت میں ایک ملزم افتخار بابر کی عدم حاضری کی وجہ سے منگل کو ایک بار پھر اے این ایف کے ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں علی موسیٰ گیلانی‘ مخدوم شہاب الدین‘ عنصر فاروق‘ عبدالخالق‘ شیخ انصار احمد‘ عبدالستار سورانی‘ ڈاکٹر اسد حفیظ‘ طاہرالودود‘ زنیر جاوید اور افتخار بابر سمیت دس ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔ منشیات عدالت کے جج محمد اختر بہادر نے ملزم افتخار بابر کی علالت کے باعث حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سخت برہمی کا اظہار کیا کہ ملزم اتنے عرصے سے عدالت میں پیش نہیں ہو رہا۔ وہ آئندہ تاریخ سماعت پر پیش ہو‘ عدالت میں افتخار بابر کے وکیل عبدالرشید شیخ نے افتخار بابر کے خلاف مقدمہ ملتان میں منتقل کرنے کی درخواست دی جس پر اے این ایف پراسیکیوشن کو 30 ستمبر کو بحث کے لئے نوٹس دیدیا گیا۔ عدالت میں علی موسیٰ گیلانی‘ مخدوم شہاب الدین سمیت 9 ملزمان حاضر ہوئے۔ عدالت نے ملزمان کے خلاف مقدمے اور اثاثہ جات کیس کی سماعت 30 ستمبر تک ملتوی کر دی ہے۔
ایفی ڈرین کیس