اقتصادی راہداری کی منصوبہ بندی کو جولائی میں حتمی شکل دئیے جانے کی توقع ہے:احسن اقبال
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقیات و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی طویل المدت منصوبہ بندی کو جولائی میں حتمی شکل دئیے جانے کی توقع ہے ۔ اقتصادی راہداری کا بنیادی مقصد امن، خوشحالی اور عوام کی بہتری ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری روٹ کاشغر، ٹیکسکورگن، خنجراب، پشاور، اسلام آباد، لاہور، ملتان، سکھر، کوئٹہ، کراچی اور گوادر سمیت دیگر شہروں کو آپس میں ملائے گا جبکہ مستقبل میں مزید بھی شہر اس سے ملیں گے۔ یہاں موصول ہونے والے پیغام کے مطابق احسن قبال پیکنگ یونیورسٹی بیجنگ میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر منعقد ہونے والے انٹرنیشنل اکیڈمک سمپوزیم سے خطاب کر رہے تھے ۔ سمپوزیم سے چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے بھی خطاب کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ اقتصادی راہداری کی کامیابی سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات عظیم سے عظیم تر ہو جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعتی تعاون کا ورکنگ گروپ بھی رواں سال جولائی تک تشکیل پا جائیگا ۔ صنعتی علاقے کو فری زون بنانے کیلئے گوادر میں عارضی بندرگاہ چلانے والی چینی کمپنی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری سے خطے میں صنعتی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا۔ یہ راہداری ٹریڈ فیسلٹیشن ، مال برداری ، توانائی ، ٹریڈ لاجسٹک اور ٹیلی کمیونی کیشن کے ساتھ منسلک ہوگی ۔ اس موقع پر مسعود خالد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری مشرق وسطیٰ، سینٹرل ایشیاء اور میڈل ایسٹ کے درمیان رابطے کا ذریعہ ہو گی۔ اس روزہ سمپوزیم کا اہتمام بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے، پیکنگ یونیورسٹی میں پاکستان کلچرل سٹیڈیز سینٹراور چائنا سلک روڈ کلچرل ڈویلپمنٹ فائونڈیشن نے کیا تھا۔